
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ نے اپنے تاریخی10 ویں ایڈیشن کی ٹرافی “لیومینارا” کی رونمائی کراچی کے ساحلی سمندر بحیرہ عرب میں منفرد انداز میں منعقد کرکے تاریخ رقم کردی۔
یہ بے مثال اقدام لیگ کی تاریخ میں ایک نئے سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے جو جدت، ابھرنے کی قوت اور پاکستان کے پریمیئرٹی ٹوئنٹی مقابلے کی روح کی علامت ہے۔
ایک حیرت انگیز شاہکار “لومینارا”کو ٹھوس چاندی کی شیٹ سے تیار کیا گیا ہے جس میں مشینی طریقے سے پیچیدہ پتھروں کی ترتیب کی گئی ہے۔ 10 کلو گرام وزنی ٹرافی کو 22,850 چمکدار زرکون پتھروں سے مزین کیا گیا ہے جو باصلاحیت سٹارز ، جذبے، توانائی او بہترین مقابلے کی عکاسی کرتی ہے جو ایچ بی ایل پی ایس ایل کا تعارف ہے۔
“لومینارا”نام روشنی کی علامت ہے جو لاطینی لفظ “لومینارا”سے لیا گیا ہے جس کا مطلب ہے ‘ٹارچ’ اور “لیومینز” کا مطلب ہے ‘روشنی۔
ٹرافی کی رونمائی بحیرہ عرب کے کھلے پانیوں میں کی گئی جہاں ایک پیشہ ور غوطہ خور نے پاک بحریہ کے تعاون سے گہرے سمندر سے جیسے ایک خزانہ برآمد کیاہو اور یہ ٹرافی کراچی میں موجود ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سٹیک ہولڈرز کے حوالے کی۔ یہ بیانیہ لیگ کی گہرائی، ارتقاء اور غیر متزلزل جذبے کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس منفرد منظر کے موقع پر پی سی بی اور ایچ بی ایل کے حکام، فرنچائز کے نمائندے اور کرکٹرز موجود تھے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سمندر میں “لومینار” کی نقاب کشائی لیگ کی جدت اور عمدگی کے عزم کا ثبوت ہے۔ جیسا کہ ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ایک دہائی منا رہے ہیں، یہ ٹرافی لیگ کی چمکتی ہوئی میراث اور اس کے روشن مستقبل کی نمائندگی کرتی ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ہمیشہ سے میدان کے اندر اور باہر آگے بڑھتی رہی ہے۔ جس طرح سمندر گہرائی رکھتا ہے اسی طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹیلنٹ اور سپورٹس مین شپ کا ذخیرہ رہی ہے۔ یہ انوکھی نقاب کشائی اسی جذبے کی گہرائی کی نمائندگی کرتی ہے جو ہمارے کھلاڑی اور شائقین اس کھیل میں لاتے ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 10واں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہونے والا ہے۔
افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ کی 10 سالہ تاریخ ۔ فرنچائز خریداری کیلئے کامیاب بولی کا احوال۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ المعروف پی ایس ایل کے آغاز کو 10 برس ہو چکے ہیں ۔ جب پہلی بار پی ایس ایل کی پانچ فرنچائز ٹیمیں تشکیل دینے کا مرحلہ آیا تو 20 پارٹیوں نے پہلے سیزن سے قبل لیگ کے لیے فرنچائزز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ 18 اکتوبر 2015ء کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے 15 نومبر کی بولیوں کی آخری تاریخ کے ساتھ فرنچائزز کے لیے ٹینڈر کو قبول کرنا شروع کیا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق نیلامی کی کامیاب بولی دینے والوں کو 10 برس کی مدت کے لیے فرنچائز کے حقوق دیئے گئے۔ دلچسپی رکھنے والے 16گروپوں میں اے آر وائی گروپ، عمر ایسوسی ایٹس، عارف حبیب گروپ، ہائیر، موبی لنک کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی گروپس بشمول لیونین گلوبل اسپورٹس اور قطر لبریکنٹس کمپنی شامل تھے۔
سات بولی دہندگان کی جانب سے باضابطہ تجاویز پیش کرنے کے بعد، لیگ کے پہلے سیزن کے لیے تمام پانچ فرنچائزز 3 دسمبر 2015ء کو، امریکی ڈالر93 ملین کی مجموعی قیمت میں فروخت کی گئیں۔
پی ایس ایل میں چھٹی فرنچائز ملتان سلطان کی شمولیت ۔ شون گروپ سے علی ترین کنسورشیم کو منتقلی۔
اپریل 2017ء میں، پی سی بی نے چھٹی ٹیم کے لیے بولی طلب کی۔ مالی اور تکنیکی دونوں تجاویز جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 مئی تھی اور تقریباً 40 قومی اور بین الاقوامی گروپوں نے چھٹی فرنچائز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
یکم جون 2017ء کو پی سی بی کی جانب سے شارٹ لسٹ کیے گئے پانچ گروپوں میں سے ملتان سلطان کو شون پراپرٹیز نے امریکی ڈالر5.2 ملین سالانہ کی قیمت پر خریدا اور پی ایس ایل کی سب سے مہنگی ٹیم بن گئی۔ تاہم، 12 نومبر 2018ء کو پی سی بی نے ادائیگی کے مسائل کی وجہ سے اس کے حقوق ختم کر دیئے۔ پی سی بی نے دوبارہ بولی طلب کی اور 6.35 ملین امریکی ڈالر کے ساتھ کامیاب بولی علی ترین کنسورشیم نے دی اور اس چھٹی ٹیم کو دوبارہ فروخت کیا۔ یہ کامیاب نیلامی 20 دسمبر 2018ء کو 7 سال کے لیے عمل میں لائی گئی تھی۔ قبل ازیں اس ٹیم کی بنیاد 2015ء میں رکھی گئی تھی اور اس نے 2016 کے سیزن میں پی ایس ایل کا آغاز کیا تھا۔
اس ٹیم کی دوسری بار بنیاد 2017ء میں رکھی گئی تھی اور اس نے 2018 کے سیزن میں پی ایس ایل کا آغاز کیا تھا۔ لیکن ٹیم کا معاہدہ 2018 میں ختم کر دیا گیا، جب وہ پی سی بی کو 5.2 ملین امریکی ڈالر کی سالانہ فیس ادا کرنے میں ناکام رہے۔ بعد میں اسے نئے مالکان نے خریدا اور اسی نام سے دوبارہ بحال کیا۔