
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز انجینئر عامرضیاء نے کہا ہے کہ میپکو نے سال25-2024ء میں اپنی زبردست کارکردگی سے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے ویژن اوروزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی رہنمائی میں میپکو نے پاور ڈویژن کی مقرر کردہ کارکردگی کے تمام اہداف حاصل کر کے ڈسکوز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔لائن لاسز میں 1.8 فیصد کمی، 100فیصد سے زائدریکوری اور خسارے میں کمی کرکے تمام مقرر کردہ اہداف کا حصول ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔وزارت توانائی (پاور ڈویژن) اور میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے مقرر کردہ اہداف حاصل کرنے پر میپکو ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دے رہے ہیں۔وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔چیئرمین میپکو بورڈ نے کہا کہ میپکو نے نہ صرف خسارے اورلائن لاسز میں کمی کرنے کے بہتر نتائج دئیے بلکہ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی، ریکوری میں اضافہ اور سروس ڈیلیوری کے دیگر شعبوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کسی ادارے کے لئے اہداف حاصل کرنا اہم ہوتا ہے مگر ان کو برقرار رکھنا اصل چیلنج ہوتا ہے اور میپکو نے یہ کر کے دکھایا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئرگُل محمد زاہد کی زیر قیادت میپکو کی ٹیم نے شب و روز محنت سے اپنے اہداف حاصل کئے جس پر تمام افسران اور ملازمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔
صارفین کی تعداد میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے اور اس سال میپکو کے سسٹم میں لاکھوں نئے کنکشنز شامل ۔
اجلاس میں چیئرمین میپکو بورڈ نے واضح کیا کہ نئے مالی سال2025-26ء میں بھی اسی جوش و جذبے اور کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ صارفین کو بہترین سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔سال 24-2023ء میں میپکو کے لائن لاسز 1.8 فیصد ۔ نیٹ ریکوری 97.2 فیصد رہی جو مالی سال 25-2024ء میں بڑھ کر 100فیصد ہو گئی ہے۔ صارفین کی تعداد میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے اور اس سال میپکو کے سسٹم میں لاکھوں نئے کنکشنز شامل کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ صارف دوست کلچر کو فروغ دینا ہے اورجدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے صارفین کی تمام شکایات، مسائل اور فراہم کردہ سروسز ون ونڈو /ون کلک پر کرنی ہے۔ میپکو کے شعبہ آئی ٹی اور آپریشن کے روابط بڑھائے جائیں اور کسٹمرسروسز کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ میپکو ہیڈ کوارٹر اور ریجن بھر میں قائم جدید کسٹمرفیسیلیٹیشن سنٹرز کے ثمرات صارفین تک پہنچائے جائیں اور تمام دفاتر میں صارفین کو فراہم کردہ سروسز فی الفور بہتر کی جائیں۔ میپکو کے سب ڈویژنل دفاتر ہمارا چہرہ ہیں اور پہلا یونٹ ہے جہاں صارفین نے براہ راست اپنے مسائل کے حل کے لئے جانا ہے ہمیں ان دفاتر کو اپ گریڈ کرناہے۔ٹرانسپورٹیشن/آٹومیشن /انوائرمنٹ/سیفٹی/ملازمین کو سہولیات فراہم کریں گے اور ان تمام آپریشنل دفاتر میں صارفین کی ہمہ قسم کی شکایات اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔ چیف ایگزیکٹو میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور کہا کہ چیئرمین بورڈانجینئر عامر ضیاء اور بورڈ ممبران کی رہنمائی اور مسلسل سپورٹ اس کامیابی کی بنیاد ہے جس سے افسران کی حوصلہ افزائی رہی اور رزلٹ حاصل ہوئے۔انہوں نے چیئرمین میپکو بورڈ کا شکریہ اداکیا کہ وہ خصوصی طورپر افسران کی حوصلہ افزائی اور انہیں شاباش دینے کے لئے ملتان آئے۔ میپکو مینجمنٹ اور فرنٹ لائن ورکرز نے اہداف کے حصول کے لئے سخت محنت کی ہے جسکا نتیجہ سامنے ہے۔ ہم مالی سال 26-2025ء کے دوران بھی اہداف حاصل کرنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ میپکو نے مالی سال 25ـ2024ء کے دوران پروگرویسو لائن لاسز میں 1.8فیصد کمی کی ہے۔ مالی سال 2023-24ءمیں میپکو کے لائن لاسز 15.2فیصد تھے جورواں مالی سال کے دوران کم ہوکر 13.3فیصد کی سطح پر آگئے ہیں۔ اے ٹی اینڈ سی لاسز 3.5فیصد کمی سے 12.9فیصد پر آ گئے ہیں۔ میپکو نے گزشتہ مالی سال کی ریکوری کے مقابلے میں بلنگ کی مد میں 1.9فیصد زائد وصولیاں کیں جس سے پروگریسو ریکوری کی شرح 100فیصد سے بڑھ گئی ہے۔ 25-2024ھ کے دوران کمپنی کے خسارے میں 24.6ارب روپے کمی کی ہے جس سے کمپنی کا مجموعی خسارہ مزید کم ہوگیا ہے۔اجلاس میں جنرل منیجر ٹیکنیکل انجینئر چوہدری خالد محمود، چیف انجینئر کسٹمرسروسز سید جواد منصوراحمد، ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن میاں سہیل افضل، چیف انجینئر پلاننگ اینڈ انجینئرنگ محمد اشفاق اعوان، چیف سٹریجیٹک پلانر محمد اصغر گھلو، چیف انجینئر ا واینڈ ایم محمد شہزاد راعی، چیف سپلائی چین مینجمنٹ آفیسر عبدالرحمان، ایڈیشنل چیف انجینئر جی ایس سی سید محمد مبشررضوی، ایڈیشنل چیف انجینئر کنسٹرکشن فرحان شبیر ملک، تمام شعبوں کے انچارج /سربراہان، آپریشن /جی ایس اوسرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز، میپکو کے تمام ایکسین، ایس ڈی اوز، ریونیو آفیسرز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔