
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرزانجینئر عامر ضیاء نے کہا ہے کہ صارفین ہماری اولین ترجیح ہیں اس لئے آئی ٹی کے ذریعے سمارٹ اور انٹیلی جنٹ کسٹمر سروسز کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ایم آئی ایس سسٹم کے تحت کوڈ ڈیفیکٹو، تبدیلی نام، تبدیلی ٹیرف اور نئے کنکشنز جیسے کیسز ہر ماہ فیڈ کئے جائیں تاکہ صارفین کو بروقت سہولیات میسر آ سکیں۔ آئی ٹی سسٹم کو فعال بنانے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ رواں مالی سال کا بنیادی ہدف صارفین کی سہولت ہے، اس لئے سی ایف سی مراکز میں سروسز کے معیار اور شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے گا۔وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں بورڈ کی19ویں پالیسی، سٹریٹیجی، آپریشنز، مارکیٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی کی میٹنگ کے خطاب کررہے تھے۔
اجلاس میں جنرل منیجر ٹیکنیکل چوہدری خالد محمود، چیف انجینئر کسٹمرسروسز سید جواد منصوراحمد، چیف انجینئر پلاننگ محمد اشفاق اعوان، چیف سٹریجیٹک پلانر محمد اصغر گھلو، ڈائریکٹر کمرشل اسد حماد، ڈائریکٹر اکاؤنٹس آفتاب فضل، چیف سپلائی چین مینجمنٹ آفیسر عبدالرحمان، ڈائریکٹر جنرل میراڈ سہیل بھٹی اور کمپنی سیکرٹری ساجد یعقوب بھی موجودتھے۔چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرزانجینئر عامر ضیاءنے مزید کہا کہ بجلی بند ہونے سے کمپنی کو یونٹس کا نقصان ہوتا ہے، اس لئے کیپٹو پاور پلانٹس اور انڈی پینڈنٹ فیڈرز کی مینٹی ننس اور لائن لاسز کو زیرو تک لانے کے اقدامات کئے جا ئیں۔خراب اور جلنے والے ٹرانسفارمرز صرف میپکو کی ٹرانسفارمرز ری کلیمیشن ورکشاپس (ٹی آر ڈبلیو) سے مرمت کروائے جائیں اور پرائیویٹ ورکشاپس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔اور میپکو کو صارف دوست ادارہ بنایا جائے گا۔انہوں نے آپریشن سرکلز کے ایڈمن افسران کے لئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا وہ تمام سب ڈویژن کا دورہ کریں، دفاتر کی حالت بہتر بنائیں۔فرنیچر، گاڑیوں اور تعریفی اسناد کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
مقامی سطح پر مرمت شدہ ٹرانسفارمرز نہ صرف لائن لاسز میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔
میٹنگ میں واضح کیا گیا کہ مقامی سطح پر مرمت شدہ ٹرانسفارمرز نہ صرف لائن لاسز میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں بلکہ وولٹیج کے مسائل بھی پیدا کر رہے ہیں۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کہا کہ نئے مالی سال کے روڈ میپ کی تیاری کا مقصد نہ صرف کمپنی کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لانا ہے بلکہ صارفین کو عالمی معیار کے مطابق جدید، محفوظ، اور قابلِ اعتماد سہولیات فراہم کرنا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکنالوجی پر مبنی نظام سے شفافیت میں اضافہ اور انتظامی فیصلوں میں بروقت عمل درآمد ممکن بنایا جائے گا۔مالی سال 26ـ2025ء کے دوران ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن لائن لاسز میں واضح کمی لانا، بلوں کی بروقت وصولیوں کو مزید بہتربنانا، بقایاجات کی ریکوری، سٹیٹک میٹرز کی جگہ جدید میٹرز کی تنصیب، ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر ایسٹ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب، گرڈاسٹیشنز پر سسٹم کا نفاذ اور سیفٹی سسٹمز میں بہتری لا کر انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔ بورڈ ڈائریکٹر انجینئر طاہر بشارت چیمہ نے کہا کہ میپکو فرنٹ لائن ورکرز خصوصاً سب ڈویژنل سٹاف ہماری اصل طاقت ہیں۔ ہر ایس ڈی او /اہلکارفعال کردار ادا کرتے ہوئے صارفین کی خدمت کو اولین ترجیح دے۔ صرف ٹارگٹ حاصل کرنا کافی نہیں، دفاتر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا تاکہ صارفین کو سہولت میسر آ سکے۔ کسٹمرفسیلی ٹیشن سنٹرز(سی ایف سی) پر ہر حال میں کام کیا جائے گا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اہداف حاصل کرنے والے سب ڈویژنل ملازمین کو اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے کہا کہ کمپنی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور نیشنل الیکٹریسٹی پلان کے مطابق تمام اہداف کے حصول کے لئے پوری ٹیم بھرپور محنت سے کوشاں ہے۔روڈ میپ کی تیاری کے دوران وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی تمام ہدایات اور پالیسی گائیڈ لائنز کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ میپکو بورڈ اور مینجمنٹ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام اقدامات قانونی، تکنیکی اور مالیاتی تقاضوں کے مطابق ہوں تاکہ ادارے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال 26ـ2025ء کے دوران پرانے اور خراب الیکٹرو مکینکل/پہلی جنریشن کے میٹروں کی جگہ سمارٹ میٹر نصب کرنے کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔ 38 کلومیٹر اے بی سی کیبل بچھانے پر 79 ملین روپے لاگت آئے گی۔تمام سست رفتار میٹروں کی تبدیلی اور نئے کنکشنز پر اب سمارٹ میٹر ہی نصب کئے جائیں گے۔