: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
نتالیہ پرویز کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے٬ آئی سی سی کمنٹیٹر کے تبصرہ پر بھارت میں ہنگامہ کھڑا ہو گیا٬ بھارتی چینلز نے بات کا بتنگڑ بنا کر اس معاملہ کو بیان کرتے رہے٬
بھارتی چینلز کی طرف سے چائے کی پیالی میں طوفان ایسے وقت پر بپا کیا گیا کہ جب سری لنکا کے شہر کولمبو میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدِ مقابل تھیں اور پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر آئی سی سی کمنٹیٹر کے فرائض انجام دے رہی تھیں٬ جب پاکستان کی کرکٹر پرفارم کرنے کیلئے میدان میں اتریں تو ثناء میر جنہوں نے اپنے دور کپتانی کی نتالیہ پرویز کو انٹرنیشنل کیپ ایوارڈ کی تھی انہوں نے پاکستانی بیٹر کی محنت جدوجہد اور کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہیں نتالیہ پرویز ان کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے،
ثنا میر کے اس تبصرہ میں کشمیر کی بجائے آزاد کشمیر کہنے پر بھارتی میڈیا نے سوشل میڈیا پیجز پر طوفان بدتمیزی کھڑا کر دیا اور ثناء میر کے ان کومنٹس کو سیاسی انداز میں اچھالتے رہے
بھارتی مبصرین اپنے ملکی چینلز پر تعصب کی حد کراس کرتے چلے گئے یہاں تک کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے یہ مطالبہ بھی کر ڈالا کہ ثنا میر کے آزاد کشمیر کہنے پر انہیں آئی سی سی کمنٹری پینل سے الگ کیا جائے
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان و آئی سی سی کمنٹیٹر ثنا میر نے نتالیہ پرویز کے حوالے سے آزاد کشمیر کا ذکر کرنے بارے اپنے دفاع میں اس جوابی ردعمل کا اظہار کیا کہ کمنٹیٹر کی حیثیت سے توجہ ہمیشہ کھیل، ٹیموں اور کھلاڑیوں پر ہوتی ہے۔
کھلاڑیوں کے آبائی علاقے یا سفر کا ذکر صرف کہانی کا حصہ ہوتا ہے، اسے سیاست کا رنگ دینا درست نہیں، انہوں نے کہا کہ ان کا تبصرہ صرف نتالیہ پرویز کے سفر اور مشکلات کو اجاگر کرنے کے لیے تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 ء میں شریک پاکستان ویمنز ٹیم کی ایک اہم کرکٹرنتالیہ پرویز کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کی وادی بنڈالہ سے ہے اور وہ کئی ممالک میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ 2017ء میں پاکستان کیلئے انٹرنیشنل ڈیبیو کا اعزاز رکھنے والی 29 برس کی پاکستانی بیٹنگ آل راؤنڈر نتالیہ پرویز نے اب تک 12 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں اور 24 ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا ہے٬ انٹرنیشنل کرکٹ میں نتالیہ پرویز کی پرفارمنس شیٹ کے مطابق نتالیہ پرویز نے 12 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں مجموعی طور پر ایک نصف سنچری مدد سے 222 رنز بنائے اور ان کا سب سے زیادہ سکور 73 رنز ہے٬ نتالیہ نے 24 ٹی20 میچز میں بغیر ففٹی اور سنچری کے مجموعی طور پر 156 رنز بنا چکی ہیں اور بہترین اننگز 31 رنز کی کھیلی ہے٬ باؤلنگ کارکردگی کے مطابق نتالیہ نے 12 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی چار اننگز میں صرف ایک آؤٹ کیا ہے اور انہیں اپنے کیریئر 24 ٹی 20 میچز میں سے 8 اننگز میں باؤلنگ کروانے کا موقع مل سکا اور انہوں نے چھ وکٹیں اڑائی ہیں نتالیہ کی بہترین باؤلنگ کارکردگی 20 رنز کی تین وکٹیں حاصل کرنا ہے۔