: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
ویمنز ورلڈ کپ، انگلینڈ نے بھارت کو ہرا کر آسٹریلیا و جنوبی افریقہ کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی٬ پاک نیوزی لینڈ میچ بارش کی نذر ہو گیا٬ویمنز ورلڈ کپ کے 20ویں میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو محنتی اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔کولمبو اندور کے میدان میں کھیلے گئے معرکے میں انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز کا ہدف دیا۔ہیتر نائٹ نے اپنی شاندار سنچری کے ساتھ ٹیم کی مضبوط بنیاد رکھی، انہوں نے 109 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ایمی جونز نے بھی 56 رنز بنا کر اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھایا جبکہ کپتان نیٹ سیور برنٹ نے 38 رنز کی قابل ذکر اننگز پیش کی۔ بھارتی باؤلر دپیتی شرما نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے ابتدا میں جلد ایک وکٹ کھو دی مگر سمرتی مندھانا نے 88 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اور کپتان ہرمن پریت کور نے 70 رنز بنا کر ٹیم کو حوصلہ دیا۔دپیتی شرما نے بھی 50 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر کوشش جاری رکھی تاہم اہم لمحات میں یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی اور مقرر50 اوورز میں صرف 284 رنز بنا سکی۔انگلش کپتان نیٹ سیور برنٹ نے اپنی ٹیم کی دفاعی باؤلنگ میں دو اہم وکٹیں لیں جبکہ دیگر چار باؤلرز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کر کے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ ویمنز کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے ڈرا٬ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دو دو میچز بارش کی نذر ہوئے ہیں٬ کیویز کا سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی وجہ سے ختم کرنا پڑا تھا گرین شرٹس کے انگلینڈ کے خلاف میچ کا نتیجہ بھی برآمد نہ ہوسکا تھا۔پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے، نیوزی لینڈ چار پوائنٹس لے کر پانچویں نمبر پر ہے۔اس میچ کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی، جبکہ آسٹریلیا پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ پکی کر چکی۔پاک نیوزی لینڈ میچ کی تفصیلات کے مطابق کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی، جس نے 25 اوورز میں 5 وکٹوں کےنقصان پر 92 رنز بنائے۔
عالیہ ریاض 3 چوکوں کی مدد سے28 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں، منیبہ علی نے چار چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے، عمائمہ سہیل 3، سدرہ امین 9، نتالیہ پرویز 10 اور کپتان فاطمہ ثنا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔پاکستان کا سکور تیرہویں اوور میں 3 وکٹوں پر 52 رنز تھا، جب بارش کی وجہ سے کھیل روک دینا پڑا جس کے بعد میچ کو 46 اوورز کردیا گیا لیکن 25 اوورز کے اختتام پر بارش کی وجہ سے کھیل دوسری مرتبہ روک دیا گیا اس وقت پاکستان کا اسکور 5 وکٹوں پر92 رنز تھا جس کے بعد میچ کو36 اوورز کردیا گیا لیکن بارش پھر شروع ہوگئی اور پھر مزید کھیل ممکن نہ ہوسکا۔
پاکستان ٹیم اپنا چھٹا میچ 21 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔