پاکستان کے چیئرمین سینیٹ کا ازبکستان کی چیئرپرسن سینیٹ کے ساتھ ملاقات۔

:محمد ندیم قیصر(ملتان)

:تفصیلات

پاکستان کے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی ازبکستان کی چیئرپرسن سینیٹ اور اولی مجلس جمہوریہ ازبکستان کی چیئرپرسن تنزیلہ ناربایوا کے ساتھ ملاقات کی تفصیلات بارے سرکاری اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق دونوں ممالک کی ان اہم شخصیات کے درمیان یہ ملاقات انٹر پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 150 ویں اسمبلی کے موقع پر تاشقند میں ہوئی یہ دونوں رہنماؤں کی دوسری ملاقات تھی، پہلی ملاقات باکو میں اے پی اے اجلاس کے دوران ہوئی تھی۔ چیئرمین سینیٹ پاکستان کا یہ ازبکستان کا دوسرا دورہ ہے،اس سے قبل انہوں نے 2011ء میں بطور وزیراعظم پاکستان بھی تاشقند کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان صدیوں پر محیط مشترکہ ثقافت، مذہب اور تاریخ پر مبنی گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم۔

تازہ ترین ملاقات کے حوالے سے اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کے اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان صدیوں پر محیط مشترکہ ثقافت، مذہب اور تاریخ پر مبنی گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے پارلیمانی تعاون، تجارت اور رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

پاکستان کے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ازبکستان کی جانب سے کامیاب طریقے سے آئی پی یو اسمبلی کی میزبانی اور اکتوبر 2024ء میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات پر ازبک قیادت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے فروری 2025 میں پاکستانی وزیراعظم کے ازبکستان کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان جامع تعاون کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے پر دستخط ہونے والے متعدد مفاہمت کے یاداشتیں (ایم او یوز) دو طرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

سفارتی، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی دوروں میں اضافے پر اتفاق۔

اعلامیہ کے مطابق پاک ازبک سنییٹ سربراہان نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی دوروں میں اضافے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سڑکوں اور ریلوے کے رابطوں، خاص طور پر خطے میں تجارت اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے اہم ٹرانس افغان ریلوے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تجارت میں حالیہ اضافے کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حجم اس کے حقیقی امکان سے کہیں کم ہے۔ انہوں نے اگلے چند برسوں میں دو طرفہ تجارت کو کم از کم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کو دہرایا، جو وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ ازبکستان دورے کے دوران کیے گئے عہد کے مطابق ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستانی اور ازبک کاروباری اداروں کے درمیان مضبوط معاشی روابط قائم کرنے کے لیے مشترکہ بزنس فورمز، سنگل کنٹری نمائشوں اورلاجسٹک فورمز کے انعقاد کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا انہوں نے پارلیمانی دوستی گروپس کے ذریعے مختلف شعبوں میں مشترکہ مسائل پر کام کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

پاک ازبک سیاحت، تجارت اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے متعدد شہروں کو جوڑنے والے ہوائی راستوں کی ضرورت پر غور۔

اعلامیہ میں مزید آگاہ کیا گیا ہے کہ پاک ازبک سینیٹ سربراہی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جغرافیائی حدود کے مطابق سیاحت، تجارت اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے متعدد شہروں کو جوڑنے والے ہوائی راستوں کی ضرورت پر غور کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے لاہور اور تاشقند کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دیگر اہم شہروں تک ہوائی رابطوں کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

پاک ازبک پارلیمان میں موجود دوستی گروپ باہمی روابط کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کیلئے کوشاں۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ازبکستان کی خاتون ہم منصب تنزیلہ کے ناربایواکو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمان میں موجود دوستی گروپ باہمی روابط کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے پارلیمانی وفود کے باہمی دوروں اور مشترکہ اجلاس کی تعداد بڑھانے کی تجویز پیش کی اور اس رائے کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مقننہ اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنایا جا سکے گا ازبکستان کی ہم منصب تنزیلہ کے ناربایوا نےازبک پاک پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ خود بھی اعلیٰ سطحی مشاورت مشترکہ علاقائی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان تعلقات میں روشن مستقبل کی امید کا اظہار کیا۔

  • Related Posts

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نےایک ماہ میں 4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھجوانے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ حکومت کا اظہار تشکر ۔ سرکاری پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار

    محمد ندیم قیصر…

    پاکستان بیلاروس سربراہان ملاقات میں باہمی مفاہمت کی مختلف یادداشت پر دستخط ۔ تجارت، اقتصادی تعاون کے عزم کا اظہار

    :محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *