
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
پاکستان کے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے انٹر پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 150 ویں اسمبلی اور متعلقہ اجلاسوں کے موقع پر ازبکستان کے صدر جمہوریہ شوکت میرزیایوف سے اہم ملاقات کی۔ یہ اجلاس کل 9 اپریل 2025 ء تک تاشقند میں جاری رہے گا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے عوام اور قیادت کی طرف سے گرمجوش سلام پیش کیا اور صدر ازبکستان کو آئی پی یو اسمبلی کی کامیاب میزبانی اور حال ہی میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات پر دلی مبارکباد دی۔
فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان صدیوں پر محیط مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو سراہا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی تجدید کی۔ حالیہ دورہ ازبکستان (فروری 2025) میں وزیراعظم شہباز شریف اور ازبک قیادت کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کے یادداشت (ایم او یوز) اور ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے قیام پر خصوصی توجہ دی گئی۔
لاہور تاشقند فضائی رابطہ بحالی کاروباری روابط (بی ٹو بی) بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم۔
چیئرمین سینیٹ نے لاہور اور تاشقند کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی کو عوام سے عوام تک رابطوں اور کاروباری روابط (بی ٹو بی) بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی اور ادارہ جاتی تعاون کا جائزہ لیا، جس میں دوطرفہ سیاسی مشاورت اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ کاروباری فورمز شامل ہیں۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے اور حالیہ انتخابات کے بعد پارلیمانی دوستی گروپس کی بحالی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تعاون سفارتی اعتماد کو مضبوط کرتی ہیں اور علاقائی و عالمی پلیٹ فارمز پر تعاون کو آسان بناتی ہیں۔ معاشی اور تجارتی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جہاں دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے 24-2023ء میں 105 ملین ڈالر کو سراہا اور آنے والے سالوں میں تجارتی حجم کو 2 ارب ڈالر تک پہنچانے کے مشترکہ ہدف کی تصدیق کی۔
ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ اور بین الاقوامی ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ کوریڈور (آئی ٹی سی-بی آر کے یو اے پی) جیسی سٹریٹجیک اقدامات کی حمایت۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان رابطے کی سہولیات کو مرکزی موضوع بنایا دونوں ممالک کے درمیان ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ اور بین الاقوامی ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ کوریڈور (آئی ٹی سی-بی آر کے یو اے پی) جیسی سٹریٹجیک اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا، جو علاقائی انضمام اور بحیرہ عرب تک رسائی کو بہتر بنائیں گے۔
ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے ویزا ختم کرنے کے معاہدے کو ایک مثبت قدم۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ازبکستان کی کوریڈور منصوبوں میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان کی تعاون کے ساتھ فزیبلٹی اور تعمیراتی مراحل کو تیز کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ویزا سہولیات پر بھی بات چیت ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ نے ازبکستان کے اقدامات کی تعریف کی اور تجارت، سیاحت اور معاشی رابطوں کو فروغ دینے کیلئے باہمی ویزا آسانی کی تجویز پیش کی۔ ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے ویزا ختم کرنے کے معاہدے کو ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ازبکستان کی حکومت کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے باہمی فائدے اور علاقائی خوشحالی کیلئے سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کی تجدید کی۔