
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
بھارتی جارحیت کے پیش نظر پنجاب بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیاوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر بزدلانہ حملے کا مقابلہ کرے گی۔انہوں نے پولیس سمیت تمام سیکورٹی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں اور تمام ملازمین کو فوری طور پر اپنی ڈیوٹی پر کام شروع کرنے پر زور دیا ۔ صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کے عملے کو طلب کیا۔
افواہ ساز متحرک ۔ عوام کان نہ دھریں۔ پنجاب حکومت کی اپیل۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی زخمی یا متاثرہ شخص کی اطلاع فوری طور پر قریبی ہسپتال یا ریسکیو ادارے کو دیں وزیر اعلیٰ نے ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا جیسا کہ اس سے قبل 28 مئی 1998ء کو دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری مسلح افواج ایک بار پھر اپنے دشمن کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوں گی۔پاکستان کا ہر شہری اپنے دشمن کے خلاف جنگ میں بھی کامیابی حاصل کرے گا۔
پوری قوم پاک فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑی۔بھارتی فوج کی بزدلانہ جارحیت کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کرنے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے بزدلانہ جارحیت شروع کی اور ہم اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن عزت اور وقار کے ساتھ۔ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو سیکورٹی فورسز اور پوری قوم اپنے دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرانے پر پاک فضائیہ کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا غرور، تکبر اور جھوٹا پروپیگنڈہ خاکستر ہو گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے پوری دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن اپنے دفاع پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ مسلح افواج نے دشمن کی بزدلانہ جارحیت کا مقابلہ کر کے تاریخ سنہری الفاظ سے لکھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دنیا بھر میں ایک مضبوط پیغام دیا ہے کہ جو لوگ اس کی فوجی طاقت کو آزمائیں گے وہ ہمیشہ پچھتائیں گے۔ پوری قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے، ہم اپنے بہادر سپاہیوں اور پائلٹس کو سلام پیش کرتے ہیں۔
گورنر پنجاب سے فن لینڈ کی سفیر ہنو ریپٹی کی ملاقات پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال۔
دریں اثنا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے فن لینڈ کی سفیر ہنو ریپٹی نے ملاقات کی اور پاکستان و بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سردار سلیم حیدر خان نے بھارت کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اسے “دہشت گردی کا ریاستی سرپرست” قرار دیا اور اس پر نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بالخصوص آسٹریلیا اور کینیڈا میں سکھ برادری کے ارکان کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے پاکستان کے شہری علاقوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا جبکہ پاکستانی فوج نے شہریوں کو نقصان پہنچائے بغیر اپنے دفاع میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم ہندوستان کی جارحیت کے سامنے اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔گورنر پنجاب نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، خاص طور پر خیبر پختونخوا، بلوچستان اور افغان سرحد کے ساتھ، عسکریت پسند گروپوں کی حمایت کے ذریعے۔ انہوں نے پہلگام کے حالیہ حملے کو بھی “بھارت کی طرف سے ایک سٹیج ڈرامہ” قرار دیا۔