
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
بھارتیوں کو دھول چٹانے افواج پاکستان کے بنیان المرصوص معرکہ حق میں بیمثال فتح پر پوری قوم اللہ کے حضور سجدہ ریز۔ یوم تشکر ریلیوں نے ملک کے طول و عرض میں ملی جوش و جذبہ کا سماں باندھ دیا۔ نماز جمعہ کے بعد شکرانے کے خصوصی نوافل ادا کیے گئے اجتماعی دعا میں اسلام کی سربلندی پاکستان کی سالمیت و استحکام ۔ امت مسلمہ کی تحاریک آزادی کی کامیابی کی اللہ کے حضور دست بستہ عاجزانہ دعائیں کی گئیں۔ یوم شکرانہ ریلیوں میں پوری قوم یک زبان جیوے جیوے پاکستان کے نعروں نے جوش و خروش کو عروج پر پہنچا دیا۔ یوم شکرانہ منانے کی اپیل وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے بلا اشتعال بھارتی جارحیت کا اللہ کی مدد سے منہ توڑ جواب دینے والی افواج پاکستان کے کامیاب مشن بنیان المرصوص کو خراج تحسین اور ملٹری و سول شہداء کی عظیم جانی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کی تھی۔ یوم شکرانہ کا آغاز نماز فجر کے وقت پوری قوم اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوئی خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔ وفاقی اور صوبائی دارالحکومت میں توپوں کی سلامی کا اہتمام کیا گیا۔ دفاتر اور تعلیمی ادارے کھلتے ہی طلبہ و طالبات اور ملازمین قومی پرچم تھامے یوم شکرانہ ریلیوں میں شریک ہوئے اور یہ سلسلہ نماز جمعہ کے بعد سے دن ڈھلنے تک مرحلہ وار جاری رہا اور پوری قوم نے بھارتی سورماؤں کو یہ پیغام عام دیا کہ سبز ہلالی پرچم کے تلے پاکستانی قوم ایک ہے ۔ اور پاک سرزمین کے تحفظ کیلئے جانی مالی قربانی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔
پاکستان کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا ، اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نےاپنی مسلح افواج پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا تاہم کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے، پاکستان اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔یوم تشکر پر اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور یوم تشکر منا رہے ہیں، میں ربِ ذوالجلال کا شکر گزار ہوں کہ اس نے ہمیں اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا، میں اس کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور پوری فوجی قیادت بالخصوص چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف ایئر سٹاف اور چیف آف نیول سٹاف کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے جو دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کا نہایت پیشہ وارانہ انداز، درستگی اور قوت کے ساتھ جواب دیا، مجھے خوشی ہے کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری اس آپریشنل مہارت کو بھی تسلیم کیا جس نے دشمن کو اپنی جارحیت سے باز آنے پر مجبور کیا، ہم ثابت قدم اور متحد رہے اور وقار کے ساتھ فتح یاب ہوئے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں، خطے میں امن اور استحکام کے لئے ہمارے عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم سندھ طاس معاہدے کی کسی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں، پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لئے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ان بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کا دفاع کیا اور دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بطور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان، میں آج یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور اپنے مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لئے چٹان کی مانند ڈٹے رہیں گے۔اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو سلامت رکھے۔ آمین۔پاکستان پائندہ باد۔
آپریشن بُنیان مّرصُوص کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار:وزیراعظم محمد شہباز شریف
یوم تشکر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، جس نے ہمیں سرخرو فرمایا، یہ دن افواج پاکستان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ تشکر کا دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے، افواج پاکستان کی بے مثال بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے اور پوری قوم کے حوصلے اور وحدت کو سراہنے کے لیے منایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بُنیان مّرصُوص نے دشمن کی جارحیت کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی، دشمن کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل لیکن مکمل تیاری کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بنایا۔وزیراعظم نے اپیل کی کہ قوم بالخصوص علمائے کرام آج پورے ملک میں اجتماعی دعاؤں اور نوافل کا اہتمام کریں، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں اور شہدا و غازیوں کے لیے خصوصی دعائیں کروائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یومِ تشکر پاکستانی قوم کی جرأت، استقامت اور افواجِ کی بیمثال قربانیوں کا اعتراف: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنے یوم تشکر پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہماری قوم کی جرأت، استقامت اور افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا اعتراف ہے، مادرِ وطن کے دفاع کے لئے پوری قوم متحد ہے اور ہمارے جوان ہر محاذ پر سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن اپنی خودمختاری، سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دینا ہماری افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور جذبہ شہادت کا عملی ثبوت ہے۔میں اس موقع پر پوری قوم، شہداء کے اہلخانہ، اور ان تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم ہر حال میں اپنے وطن عزیز کا دفاع کریں گے اور ہر میدان میں ترقی و استحکام کے لئے مل کر کام کریں گے۔