
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
گیس کے بعد حکومت نے اگلے ہی روز پٹرولیم نرخ میں اضافہ کا بم بھی گرا دیا۔ اسرائیل ایران جنگ کے بعد عالمی منڈی میں نرخ بڑھنے کے اثرات کی لپیٹ میں پاکستان بھی آ گیا۔ دو ہفتے پہلے بھی حکومت اسرائیل ایران جنگ کے دوران 7روپے 95 پیسے کا اضافہ کیا تھا اس طرح اب مجموعی طور پر وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 258.43 روپے سے بڑھ کر 266.79 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، جب کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت اب 272.98 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، جو پچھلے 262.59 روپے سے زیادہ ہے۔
نئی شرح قیمت یکم جولائی سے فوری طور پر نافذ ہو گئی ہیں۔یہ ایڈجسٹمنٹ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور متعلقہ وزارتوں کی سفارشات کے بعد کی گئی ہے۔ حکومت نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحانات کے اتار چڑھاؤ کا نتیجہ ہے، جس نے تیل کی عالمی قیمتوں کو متاثر کیا ہے۔پندرہ جون 2025ء کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی 7 روپے 95 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کیا تھا۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور متعلقہ وزارتوں کی سفارشات کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 7 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔دوسری جانب اوگرا نے گھریلو اور دیگر صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، نئے نرخوں کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے کر دیا گیا ہے۔
حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جب بھی عالمی منڈی میں تیل کے نرخ کم ہوئے تو اس کا فائدہ براہ راست پاکستان کی عوام تک بھی پہنچے گا ۔