136

پاک ایران تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور سرحدی تعاون کا فروغ ٬ایرانی صدر کی پاکستان آمد،لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے شاندار استقبال

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ۔لاہور ایئرپورٹ آمد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر ہاوسنگ ریاض حسین پیرزادہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ اس موقع پر بچوں نے معزز مہمان کو گلدستے پیش کئے، ایرانی صدر نے بچوں سے اظہار شفقت کیا ،ایرانی صدر نے شاندار استقبال پر محمد نواز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز کا شکریہ ادا کیا ۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی عثمان انور و دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صدر محمد نواز شریف کے درمیان لاہورایئرپورٹ لائونج میں غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ دوران ملاقات دو طرفہ امور ، علاقائی صورتحال اور پاک ایران تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر کی مزار اقبال پر حاضری ، شاعر مشرق کی فکر اور فلسفہ عالم اسلام کیلئے مشعلِ راہ ، مسعود پزشکیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ہفتہ کو مفکرِ پاکستان، شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار اقبال پہنچنے پر پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ۔ ایرانی صدر مسعود پز شکیان،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وفد کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ مزار اقبال پر چیئر مین رویت ہلال کمیٹی و خطیب باد شاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کروائی۔ ا یرانی صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے اور علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔معزز مہمان نے علامہ اقبال کی فکر اور فلسفے کو عالم اسلام کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔لاہورایئر پورٹ سے مزار اقبال تک اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا تھا ۔ ایرانی وفد کی سکیورٹی کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمی بخاری ، صوبائی وزیر ملک صہیب احمد و دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔بعد ازاں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئے، لاہور ایئر پورٹ پر وزیراعلی مریم نوازنے معزز مہمان کو رخصت کیا۔

ایرانی صدر کو اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خوش آمدید کہا۔ صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات سمیت اہم ترین پروگرام شیڈول

ایرانی صدر کو اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خوش آمدید کہا۔ صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات سمیت اہم ترین پروگرام شیڈول ہیں۔ایران کے صدر اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر پیز شکیان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے وفد میں ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، سینئر وزرائ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔اپنے قیام کے دوران صدر پیزشکیان صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔اس دورے میں پاکستان اور ایران کے مابین اعلیٰ سطح کے وفود کے اجلاس ہوں گے۔یہ ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر پیزشکیان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔اس دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

پاک ایران تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور سرحدی تعاون کو فروغ ملے گا، عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے ایران کے صدر مسعود پیزشکیان کے دورہ پاکستان کو پاک ایران تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور سرحدی تعاون کے فروغ کے لئے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے صدر کے استقبال کے لئے تمام تر انتطامات مکمل کرلئے گئے ہیں، وفاقی دارالحکومت کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، اسلام آباد میں خوشی اور خیرمقدمی کی فضاءقائم ہے، اس دورہ سے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہیں، چیف کمشنر اسلام آباد بھی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے یہاں موجود ہیں جبکہ پاکستان اور ایران کے قومی پرچموں سے پورے روٹ کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معزز مہمان کی آمد پر وفاقی دارالحکومت کو خصوصی طور پر آراستہ کیا گیا ہے جبکہ پاکستان اور ایران کی قیادت کے پورٹریٹ بھی نمایاں مقامات پر آویزاں کئے گئے ہیں، اسلام آباد میں خوشی اور خیرمقدمی کی فضاءقائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے صدر، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جس سے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ اس سے قبل دونوں رہنماﺅں کی آذربائیجان میں بھی ملاقات ہوئی تھی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ایران بھی کامیاب رہا تھا جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور پاک ایران تعلقات کے فروغ کے لئے یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستانی قوم ایران کے صدر کا پرتپاک خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے صدر کل مصروف دن گزاریں گے، باہمی ملاقاتیں بھی ہوں گی جبکہ ان کے اعزاز میں ظہرانہ اور عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران کے سابق صدر شہید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران تجارت اور دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا تھا، ایران کے صدر کے موجودہ دورے میں متعدد معاہدے طے پانے کی توقع ہے۔ اس دورے کے دوران بارڈر مارکیٹس کے قیام، تجارتی حجم میں اضافے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے صدر کا یہ دورہ نہایت سودمند ثابت ہوگا جس سے نہ صرف تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ بارڈر پر مشترکہ مارکیٹس کے قیام اور سیکورٹی امور پر بھی پیشرفت متوقع ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں