:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
ریکس آڈیٹوریم کے ڈائریکٹر زوار حسین بلوچ نے فنکاروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مبینہ طور پر الزام عائد کیا ہے کہ ملتان آرٹس کونسل انتظامیہ ذاتی عناد کے باعث فنکاروں کے روزگار بند کرنے کے در پے ہے یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ ہمارے ڈرامہ کی سنسر ریہرسل چیک کرنے کے لیے آنیوالے کونسل کےایک افسر کے ہمراہ پرائیوٹ دوستوں کا ایک گروپ آجاتا تھا،جو ہمارے ڈرامہ کی خواتین آرٹسٹ سے مراسم بڑھانے کی کوشش کرتے تھے کہ اگر کوئی مسئلہ آرٹس کونسل پیدا کرے تو ہمارے ساتھ رابطہ کرنا ۔چند روز قبل اسی افسر نےمیرے اسٹنٹ ڈائریکٹر کو فون کیا کہ میرے چار دوستوں کو فری ڈرامہ دکھایا جائے۔ میں نے انکار کر دیا اور یہ پیغام بھجوایا کہ وہ اپنے ذاتی دوستوں کو سنسر ریہرسل پر لے کر نہ آیا کریں جس پر وہ سیخ پا ہو گئے۔ یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ عید کے موقع پر ڈرامہ نمائش کے دوران ملتان آرٹس کونسل کے اسی افسر نے ذاتی عناد کے باعث پنجاب آرٹس کونسل کے قوانین کو جواز بنا کر ریکس آڈیٹوریم کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کیے اور بعد ازاں تھیٹر کو بند کرنے کے حوالے سے سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ کو لیٹر جاری کر دیا جس پر سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر نے انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے مجھے اور کونسل حکام کو لاہور طلب کیا گیا زوار بلوچ کا مؤقف تھا کہ ملتان آرٹس کونسل افسر ان کے خلاف الزامات کو ثابت نہ کر سکے تو سیکرٹری انفارمیشن کلچر ڈیپارٹمنٹ نے کیس ڈپٹی کمشنر ملتان کے پاس بھیج دیا کہ اس کی سماعت کر کے رپورٹ بھجوائی جائے جس پر ڈپٹی کمشنر ملتان نے میرا موقف درست سمجھتے ہوئے رپورٹ سیکرٹری انفارمیشن کو جاری کر دی جس پر افسر ملتان آرٹس کونسل نے ریکس آڈیٹوریم کی بندش کو اپنی عزت کا مسئلہ بنا لیا اور سیکرٹری انفارمیشن کو بار بار تھیٹر کے لائسنس کینسل کرنے والے لیٹر جاری کرنے لگے بعد ازاں ریکس تھیٹر اور سٹارلٹ تھیٹر کی جھوٹ کی بنیاد پر مانیٹرنگ رپورٹ پنجاب کونسل کو ارسال کرنے لگے کیونکہ دونوں تھیٹرز کا لائسنس میرے نام پر ہے اس حوالے سے انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل سے مطالبہ کیا کہ ملتان کے دونوں تھیٹرز کی تحقیقات شفاف طریقے سے کی جائے ۔زوار بلوچ نے بتایا کہ دونوں تھیٹرز کی مانیٹرنگ کی ریکارڈنگ موجود ہے جبکہ سیکیورٹی سسٹم بھی رولز کے مطابق موجود ہے
اس حوالے سے ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر نے رابطہ کرنے پر ریکس اڈٹوریم کے ڈائریکٹر زوار حسین بلوچ کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ تمام کارروائی پنجاب آرٹس کونسل کے قوانین کے مطابق کی جا رہی ہے ریکس آڈیٹوریم کے خلاف نوٹس پنجاب آرٹس کونسل کی مانیٹرنگ ٹیم کی ہدایت کی روشنی میں جاری کیے گئے تھے۔