
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفکیشن وژن کے تحت شہر اولیاء میں یادگاروں کی تعمیر کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے تاکہ ملتان کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کو مزید اجاگر کیا جا سکے۔ اسی سلسلے میں ہائیکورٹ چوک پر نجی شعبے کے اشتراک سے تیار کی جانے والی خوبصورت یادگار مکمل کر لی گئی ہے جس کا باقاعدہ افتتاح کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کیا۔ یہ شہر اولیاء میں تعمیر ہونے والی پانچویں یادگار ہے جسے آئی ڈیپ کے تیار کردہ خوبصورت ڈیزائن کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، خواجہ انیس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرابوبکر، خواجہ محمد یونس اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو ، خواجہ محمد انیس کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن اور یادگاروں کی تعمیر ملتان کی پہچان کو مزید نکھارنے کا ذریعہ ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت یہ منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بیوٹیفکیشن کے حوالے سے نجی شعبے کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے ہر چوک کی تزئین آرائش میں اردو گرد کے ماحول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ کے پہلو میں واقع چوک ہونے کی نسبت سے قیمتی پتھر اور دھات سے تیار کیے گئے مینار پر آیت مبارکہ کندہ کی گئی ہے کہ جس میں انصاف کرنے کا حکم دیا گیا ہےکہ انصاف کرو کہ یہ تقوی کے قریب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یادگاروں کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر خوبصورت لائٹنگ اور لینڈ سکیپنگ کے منصوبے بھی جاری ہیں تاکہ شہر کی تزئین و آرائش کے معیار کو بلند کیا جا سکے۔شہریوں نے ہائیکورٹ چوک پر دیدہ زیب یادگار کی تعمیر پر ڈویژنل انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے منصوبے ملتان کو نہ صرف خوشنما بنائیں گے بلکہ یہاں کی تاریخی شناخت کو بھی اجاگر کریں گے۔
بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے بارے جائزہ اجلاس٬ملتان شہر کے دو بڑے چوک ختم کرنے کا فیصلہ
کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان کی بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چونگی نمبر 9 اور سیداں والا بائی پاس کے چوک کو ٹریفک کی بہتری کے لیے ختم کرکے سڑک کی جلد تعمیر مکمل بارے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک اشارے نصب کرکے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے ایم ڈی اے کو ہدایت کی کہ کنٹرولڈ روڈز پر انسداد تجاوزات آپریشن میں تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر تجاوزات، ریڑھیوں اور رکشوں کی غیر قانونی پارکنگ نے شہر کا حسن بگاڑ کر رکھ دیا ہے جن کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ بوسن روڈ پر غیر ضروری روڈ کٹ ختم کرکے شہر کا پہلا پروٹیکٹڈ یوٹرن بنایا گیا ہے۔ کمرشل پلازوں کو اپنے پارکنگ ایریاز میں گاڑیاں پارک کرانے کا پابند کیا گیا ہے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور تمام اہم شاہراہوں پر یکساں سائن بورڈز کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، سی ٹی او کاشف اسلم، ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم، اے سی سٹی سمیع شیخ، سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار، اے سی آر مکرم خاں، سی او ایم سی ایم اقبال خان، سی او ضلع کونسل محمد اظہر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔