
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
چناب ستلج اور راوی کی سیلابی ریلوں نے جنوبی پنجاب میں تباہی مچا دی٬ ملتان٬ جلال پور مظفر گڑھ لودھراں اور بہاولپور سمیت کئی اضلاع منہ زور پانی کی زد میں٬ آبادی کا انخلاء کروایا جا رہا ہے۔
چناب اور ستلج کی پانی نے ہیڈ پنجند سے پہلے جلالپور پیروالا کے دریائی علاقہ کے ساتھ ساتھ شہر کو بھی گھیر لیا٬ سوا لاکھ آبادی کا تحصیل ہیڈکوارٹر جلال پور پیروالا شہر کو فوری خالی کرنے کے اعلانات ہو چکے ہیں سیلابی پانی جلال پور پیر والا شہر کے بائی پاس سے ٹکرا رہا ہےاور کہیں کہیں سے شگاف کی خبریں بھی آ رہی ہیں جس سے جلال پور پیروالا شہر کے حفاظتی بند کے ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
دوسری طرف تریموں ہیڈ ورکس سے آنے والا چناب کے دوسرے اور سدھنائی سے آنے والے راوی کے ریلے نے ملتان کے بند بوسن ، نواب پور ، ہیڈ محمد ۔والا اور شیر شاہ کے بندوں پر پانی کی سطح پھر بلند کر دی ہے۔
سیلابی پانی پنجاب حکومت ، ملتان کی ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے لیے کڑا امتحان بن گیا کہ وہ کیسے ہزاروں لاکھوں لوگوں کو اس آفت اور تباہی سے بچا سکتی ہے ۔ جلال پور پیروالا میں مغربی طرف سے چناب اور جنوبی طرف سے ستلج کے پانی نے لوگوں کی زندگی کو خطرہ میں ڈال دیا ہے ۔ اس تحصیل میں لوگوں کی بڑی تعداد ابھی تک دریائی علاقہ میں پھنسی ہوئی ہے ان کو وہاں سے نکالنا اب ریسکیو اور مقامی انتظامیہ کی پوری کوشش کے باوجود ایک بڑا چیلنج بن رہی ہے جلد یا بدیر پنجاب حکومت کو پنجند ہیڈورکس اور اس سے ملحقہ جلال پور پیروالا ، اچ شریف اور علی پور کی تحصیلوں میں پاک فوج کی مدد لینی پڑے گی اور بڑے پیمانے پر ریسکیو اور انخلا دونوں کام فوج کی مدد اور فراہم کیے جانے والے وسائل کی بغیر ممکن نہیں ہو پائے گا ۔
تین دریاؤں کے ریلے کی ایک ہی وقت میں پنجند ہیڈورکس پر اکٹھے ہوکر تشویشناک صورتحال پیدا کر رہے ہیں بھاری نقصان کے خدشہ کے پیش نظر سیلاب زدگان کی تشویش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔