85

پاک سعودی عرب باہمی دفاعی معاہدے کو ایک تاریخی سنگِ میل۔ ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے پاک سعودی عرب باہمی دفاعی معاہدے کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج سے پاکستان اور سعودی عرب کا دفاع ایک ہو گیا ہے جو دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق کسی ایک ملک پر جارحیت کو دونوں ممالک پر حملہ تصور کرنے کی شق دونوں ملکوں کے تعلقات کی گہرائی اور مضبوطی کو اجاگر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ سے تاریخی اور برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں، اور اس نئے معاہدے سے یہ تعلقات مزید وسعت اختیار کریں گے۔

میاں بختاور تنویر شیخ نے زور دیا کہ دفاعی تعاون میں اضافے سے نجی شعبے کے لیے بھی وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ اس سے سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے، صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے روابط مضبوط ہوں گے۔ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر نے کہا کہ یہ معاہدہ دفاعی اور اقتصادی دونوں پہلوؤں سے انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ نہ صرف دونوں حکومتوں کو قریب لائے گا بلکہ عوام کو بھی دیرپا فوائد پہنچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے سٹریٹجک تعلقات مستقبل میں خطے کی ترقی، خوشحالی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں