
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں محکمہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی بہتر بنانے کیلیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں حکومتی اقدامات کی پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر تشہیر کے لیے مربوط انداز میں ٹھوس اور نتیجہ خیزحکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا۔ تاکہ عوام الناس تک مستند انداز میں فوری معلومات پہنچا کر محکمہ کے حقیقی مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 20 اضلاع میں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفاترکی اپنی عمارات کی تعمیر کے لیے اقدامات میں تیزی لائی جارہی ہے،دفاتر تعلقات عامہ کے قیام کا دائرہ پنجاب کے تمام ڈویژن و اضلاع تک بڑھایا جائے گا اور دفاتر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں مزید کہا گیا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر عبور کے لیے مربوط پلاننگ کے ساتھ اقدامات وقت کی ضرورت ہیں اس ضمن میں درکار وسائل اور افرادی قوت بھی فراہم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں اضلاع میں تعینات ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرز ڈائریکٹر جنرل کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیا گیااور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں مستقبل پلان کے حوالے سے زور دیا گیا کہ وسائل کے بہترین استعمال کے ذریعے پیشہ وارانہ کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب غلام صغیر شاہد کی زیر صدارت اجلاس میں ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا محمد سہیل رانا،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خورشید جیلانی،ڈپٹی ڈائریکٹر پریس لاز نایاب حیدر نقوی، ڈائریکٹر ایڈمن صدیق کیانی نے بھی شرکت کی۔