: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے دشمن کے پروپیگنڈے پر دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی مسلح افواج اور اس کے سیاسی آقاؤں کو پاکستانی صلاحیت اور عزم کو سمجھ لینا چاہئے،ہر جارحیت کا جواب تیز، پختہ اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا ، جو ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے بھارتی فوجی قیادت کا من گھڑت، اشتعال انگیز پروپیگنڈہ دہرانا انتہائی تشویشناک ہے،معرکہ حق کے 5ماہ بعد بھارتی فوجی قیادت نے پروپیگنڈہ دہرانا شروع کیا،بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات کے پیش نظر یہ پروپیگنڈہ دہرانا شروع کیا،یہ پروپیگنڈہ ہر ریاستی انتخابات سے قبل دہراتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ایک جوہری قوت کی فوجی قیادت کا سیاسی دباؤ میں غیرذمے دارانہ بیانات دینا افسوسناک ہے،بھارتی فوجی پریس ریلیز میں تضادات اتنے واضح ہیں کہ اسے جواب کے قابل نہیں سمجھنا چاہئے،بھارتی قیادت اپنی منشا کے مطابق بالی ووڈ طرز عمل پر بے بنیاد مناظر اور تاریخ گھڑ رہی ہے،ایسا لگتا ہے بھارتی فوج اور اس کی سیاسی قیادت معرکہ حق کی شکست تسلیم نہیں کر پائی،بھارتی فوج اس حقیقت کو ہضم نہیں کر پائی کہ انہیں معرکہ حق میں فیصلہ کن شکست ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت کی جھوٹ کی پرتیں بے نقاب ہو چکی ہیں،دنیا اب بھارت کو سرحدپار دہشتگردی کااصلی چہرہ اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز مانتی ہے،بھارت اپنے عوام اور پڑوسیوں کے مفاد کے منافی مہم جوئی اور بالادستی کی پالیسیوں پر اڑاہوا ہے،پاکستانی عوام اور افواج اپنی دھرتی کے ہر انچ کے دفاع کیلئے پوری صلاحیت اور پختہ عزم رکھتے ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے کہاگیا ہے کہ ہر پیشہ ورفوجی جانتا ہوگا کہ غیرضروری گھمنڈ اور بے جا بیانات جنگی جنون بڑھا سکتے ہیں، بھارتی عوام اور بین الاقوامی برادری کو جھوٹ باور کروائے جارہے ہیں۔